پیر، 25 اگست، 2014

ہیلو ورلڈ


اور بلاآخر ہم نے فیصلہ کرلیا کے ہم بھی اردو میں بلاگنگ شروع کریں گے۔اصل میں تو سوچا ہوا تو عرصہ سے تھا مگر وقت اور صلاحیت دونوں کی کمی کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔ ایک عرصہ تک انگریزی میں بلاگنگ کی اور خوب کی اور اتنے مشہور ہوئے کہ بی بی سی ریڈیو کے لئے گوروں کو ۵ منٹ کا انٹرویو بھی دیا مگر یہ وہ زمانہ تھا جس کے لئے چچا غالب نے فرمایا تھا کہ: جی ڈھونڈتا ہے پھر وہی فرصت کے رات دن، یعنی بلکل فارغ البال تھے۔ اب ۵ صدیوں، سوری ۵ سال پہلے شادی ہوگئ تو نہ فارغ رہے نہ بال۔ ہمیں اردو لکھنے کا کوئ تجربہ نہٰں تھا، خدا گواہ ہے آخری بار اردو اپنے نکاح نامے میں استعمال کی۔ گذشتہ سال کراچی کے ایک بہت بڑے دینی تعلیمی ادارے کے لئے اردو میں سافٹ ویئر بنانے کا موقع ملا تو باقائدہ اردو کی لکھائ کا اتفاق ہوا۔ شروع میں تو گوگل کا رومن اردو سے اردو رسم الخط میں تبدیل کرنے کا ٹول استعمال کیا مگر آہستہ آہستہ کی بورڈ استعمال کرنے آگیا اور باقائدہ اردو میں سماج رابطوں کی ویب سائٹ پر اردو میں تحریر کرنے لگے۔ 

 یہ بلاگ اس موقع پر شروع کی جارہی ہے جب پاکستان نازک موقع سے گزر رہا ہے، ویسے کب نہیں گزرا؟ بس ڈرانے کے اور توجہ حاصل کرنے کے طریقہ ہیں۔ سوچا کیوں نہ ہم بھی یہی بہانہ استعمال کرکے اپنے مقصد کو عملی پاجامہ پہنایئں۔ یہ کسی خاص مقصد کے لئے نہیں ہوگی، ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مکس پلیٹ ہوگی۔ بس فرق یہ کہ اپنی مادری زبان میں ہوگی۔ اللہ معلوم یہ تجربہ کیسا رہے مگر کافی سالوں بعد کچھ بکنے کا موقع مل رہا ہے لہذا ہاتھ سے نہ جانے دیا جائے